عوامی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے تک بے شمار معجزات پیش آئیں گے: یوسف گیلانی
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمااور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں، تبدیلی کا نعرہ عارضی تھا، سونامی سے لوگ تنگ آ چکے ہیں، اتحادیوں کو بھی حکومت سے تحفظات ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے تک بے شمار معجزات پیش آئیں گے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے عوامی مارچ کے انتظامات کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ 3 مارچ کو ملتان پہنچے گا، عوامی مارچ کا استقبال بہاول پور بائی پاس پر کیا جائے گا جہاں بلاول بھٹو زرداری عوام سے خطاب کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری کے عوامی مارچ کے پہلے ہی روز وزیرِ اعظم عمران خان کو پٹرول کی قیمت کم کرنا پڑی۔اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر ملک کے مستقبل کے لیے سوچ رہی ہیں، حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالا گیا۔