لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں پٹرول اور ڈیزل چوری کے حقائق منظر عام پر آگئے
لاہور (آن لائن) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں پٹرول اور ڈیزل کی چوری سے متعلق بعض انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین عاطف چودھری ایک مقامی فیلنگ کمپنی کو نوازنے کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی
کے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر مبینہ دبائو ڈالتے رہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی کا ٹھیکہ ایک ترک کمپنی کے پاس تھا جسے 2020ء میں ختم کردیا گیا۔ معاہدہ ختم ہونے کے 6 ماہ تک ایک پرائیویٹ فلنگ کمپنی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو پٹرول اور ڈیزل سپلائی کرتی رہی۔ رپورٹ کے مطابق چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی عاطف چودھری نے 6 ماہ بعد اوپن ٹینڈر کے ذریعے پی ایس او سے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی کا معاہدہ کیا تاہم پٹرول اور ڈیزل کی مبینہ چوری پرائیویٹ فلنگ کمپنی کے ذریعے سپلائی کے دوران کی جاتی رہی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی نے اپنی من پسند کمپنی کو مبینہ طور پر پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی کا ٹھیکہ دلوانے کے لئے چوری کا پیغام تیار کیا۔ جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے ایل ڈبلیو ایم سی کی انکوائری کی روشنی میں مقدمہ درج کیا اور کمپنی نے مذکورہ نجی فلنگ کمپنی سے پونے دو کروڑ روپے کی ریکوری کی جبکہ چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی عاطف چودھری کا کہنا ہے کہ ان کا کسی نجی فلنگ کمپنی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہوں نے کوئی مذکورہ کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے دبائو ڈالا ہے۔