مجھے بتایا گیاہے کہ میں ہٹ لسٹ پر ہوں، سلمان احمد کا دعویٰ
اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے فوکل پرسن برائے ثقافت سلمان احمد نے ہٹ لسٹ پر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔سلمان احمد نے سینئر صحافی حامد میر سے اپنا ایک ویڈیو بیان شیئر کیا ہے جسے میزبان کی جانب سے ٹی وی پروگرام میں نشر کیا گیا۔
ویڈیو پیغام میں سلمان احمد نے دعویٰ کیا کہ مجھے دو سینئر اینکر زکی جانب سے پیغام دیا گیا کہ آپ کی زندگی خطرے میں ہے، آپ کا نام ہٹ لسٹ پر ہے لہٰذا آپ اپنی حفاظت کریں۔انہوں نے کہاکہ وہ لوگ جو مجھے اور ارشد شریف جیسے صحافی حضرات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے ہیں تو اس کا مطلب ہے پھر تو پاکستان میں کوئی بھی محفوظ نہیں، میں اس ویڈیو کے ذریعے آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ ہم ان دھمکیوں سے نہیں ڈرتے ہیں جتنی مرضی چاہے دھمکیاں دیں، ایف آئی اے کے نوٹسز بھجوائیں، جتنا مرضی آئے ہمیں ڈرائیں دھمکائیں اور فاشسٹ حکمت عملی سے ہمیں پیچھے کرنے کی کوششیں کریں لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔گلوکار نے کہا کہ میرا سینہ حاضر ہے اگر گولیاں مارنی ہیں تو آگے سے ماریں لیکن میرے بزرگ والد کو فون پر دھمکیاں دیتے ہوئے شرم کریں یہ کس طرح کا پاکستان ہے ۔سلمان احمد نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو رانا ثنا اللہ سمیت ان کے سارے ہینڈلرز میرے قتل کے ذمہ دار ہیں۔