بہاولپور میں مبینہ طور پر ریپ کا شکار خاتون کی پولیس اسٹیشن کے سامنے خودسوزی،مقدمہ درج

بہاولپور (این این آئی)بہاولپور کے شہر احمدپور شرقیہ میں ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون نے پولیس کی جانب سے ریپ کا مقدمہ درج نہ کرنے پر احمدپور شرقیہ پولیس اسٹیشن کے سامنے خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق
ذرائع نے بتایا کہ خاتون پولیس اسٹیشن میں کچھ غنڈوں کے خلاف شکایت درج کرانے گئی تھی جو اوچ شریف کی شوکت کالونی میں واقع ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور مبینہ طور پر ان کا ریپ کرنے کے بعد ان کی بیٹی کو بھی اغوا کرلیا۔جب اوچ شریف پولیس نے ان کی شکایت پر کان نہ دھرے تو وہ احمدپور شرقیہ پولیس اسٹیشن گئیں اور پولیس کے رویے کے خلاف احتجاجاً پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی البتہ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد نے آگ بجھا کر خاتون کو ہسپتال منتقل کیا۔بہاولپور ضلعی پولیس کے ترجمان عامر نذیر نے بتایا کہ مبینہ طور پر ریپ گزشتہ ماہ کیا گیا تھا اور خاتون کی شکایت درج کرلی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے خاتون کے خلاف خودکشی کی کوشش کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔