بینظیر کیخلاف غیر جمہوری عدم اعتمادلایا گیا ، ہم جو عدم اعتماد لا رہے ہیں وہ جمہوری اقدام ہے ، بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے خلاف جو عدم اعتماد لایا گیا وہ غیر جمہوری تھا ، ہم جو عدم اعتماد لا رہے ہیں وہ جمہوری اقدام ہے ۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ندیم افضل چن کے گھر پہنچے جہاں ندیم افضل چن نےدوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر عمران خان کا استعفیٰ نہیں آیا تو ہم اسلام آباد جا کر عدم اعتماد لائیں گے ، حکومت کے پاس اکثریت نہیں رہی ، اسمبلیاں تحلیل کرتے ہوئے دوبارہ شفاف انتخابات کرائے جانےچاہئیں ۔
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان گزشتہ ساڑھے تین سال سے اپنےبیانات پر یو ٹرن لے رہے ہیں لیکن ہم موقف کے پکے ہیں اور کوئی یو ٹرن نہیں لیں گے ، ہم اپوزیشن میں ہیں اور حکومت شدید پریشر میں ہے ، سینیٹ کی طرح قومی اسمبلی میں بھی حکومت کو شکست دینگے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اس وقت مہنگائی اور ملک کی بد ترین صورتحال کے خلاف سڑکوں پر ہیں اور احتجاج کر رہے ہیں ، ہر کارکن کو دعوت ہے کہ ہمارے ساتھ چلے ،لانگ مارچ ایک مشکل فیصلہ تھا جسے پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے کیا ، ہم کراچی سے لاہور پہنچ چکے ہیں ، جب تک وزیر اعظم گھر نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ اگر لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کے بعد بھی کامیاب نہ ہوئے تو بھی ہمت نہیں ہاریں گے ۔