تہران میں ریت کا طوفان تعلیمی ادارے،سرکاری دفاتر بند
تہران (این این آئی)ایرانی حکام نے دارالحکومت تہران میں ریت کے شدید طوفان کے بعد سرکاری دفاتر، عدالتیں، اسکول اور یونیورسٹیاں بند کردی ہیں
۔میڈیارپورٹس کے مطابق صوبہ تہران کی ہنگامی کمیٹی برائے فضائی آلودگی نے شہر میں گردوغبار پھیلنے کی وجہ سے تمام انتظامی دفاتر اورسرکاری تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم دیا ۔
سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ دارالحکومت کے مغرب میں واقع پڑوسی صوبہ البرز میں بھی حکام نے تمام دفاتر، بینکوں اور سائنسی اور تعلیمی مراکز کو بند کرنے کا اعلان کیا ۔
انھوں نے فضامیںماحولیاتی آلودگی اور دھول کے ارتکاز میں اضافے کی اطلاع دی ۔ایرانی حکام نے تہران کے مغرب میں ریت کی کھدائی کی سرگرمیوں کو بھی موردالزام ٹھہرایا
جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے صورت حال مزید خراب ہورہی ہے۔دریں اثنا تہران کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ
اگلے پانچ روز تک شہر کے کچھ حصوں میں دھول کے بادلوں کی لہریں پھیلنے کا امکان ہے۔