خیبر پختونخواہ بنی گالہ محل کے مکینوں کو پالتے پالتے کنگال ہو چکا خزانے میں ملازمین اور پینشروں کو تنخواہ دینے کیلئے پیسے نہیں ، فیصل کریم کنڈی کا انکشاف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی عمران خان پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا بنی گالا محل کے مکینوں کو پالتے پالتے کنگال ہو چکا ہے ۔خیبر پختونخوا کو ایک ہزار ارب کا مقروض کردیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اب خیبر پختونخوا کے ملازمین اور پینشروں کو تنخواہ دینے کے پیسے نہیں ہیں، بلین ٹری، مالم جبہ اور بی آر ٹی منصوبے کرپشن کی داستانیں ہیں۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو ساری مستی اور گھمنڈ غیرملکی فنڈنگ کا ہے اور وہ غیرملکی فنڈنگ سے ملک میں انتشار پھیلا رہا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے غیرملکی ایجنڈے کے تحت ملک کے اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اب مافیا کے چیف بن گئے ہیں جو سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دے رہا ہے اور قانون اور آئین کو چیلنج کر رہا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کے تمام بچے بیرون ملک ہیں اس لئے انہیں کسی چیز کی فکر نہیں ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے عمران خان سے سوال کیا کہ وہ اپنے بچوں کو پاکستان کیوں نہیں لاتے؟ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ سندھ اور بلوچستان طوفانی بارشوں کی وجہ سے ڈوبے ہوئے ہیں۔ جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے عوام بارش اور سیلاب کی وجہ سے پریشان ہیں مگر عمران خان غیرملکی سرمائے اور ایجنڈا کی تکمیل کے لئے جلسے کرتے پھر رہے ہیں۔