بگ باس کی معروف جوڑی نے بالآخر منگنی کرلی
ممبئی (این این آئی)بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 14 کی جوڑی اداکار اعجاز خان اور پوترا پونیا نے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے کے 2 سال بعد منگنی کرلی۔بگ باس 14 میں اعجاز خان اداکارہ پوترا پونیا کی محبت میں گرفتار ہوئے تھے
جس کے بعد پوترا نے بھی ان سے محبت کا اقرار کیا تھا۔تاہم اب اس جوڑی نے منگنی کرلی ہے جس کی تصاویر اعجاز خان نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کیں۔تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اعجاز ہاتھ میں انگوٹھی لیے بیٹھے ہیں جب کہ ان کے سامنے پوترا موجود ہیں، اس کے علاوہ کچھ تصویروں میں وہ انگوٹھی پوترا کو پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔اداکار کی جانب سے جاری کردہ تصاویر کے کیپشن میں انہوں نے پوترا کو شادی کے لیے پروپوز کرتے ہوئے جملے بھی بیان کیے۔اعجاز نے لکھا اگر ہم صحیح وقت کا انتظار کرتے رہے تو ہم کبھی ایک ساتھ نہیں ہوسکیں گے، میں آپ کو اپنی طرف سے بہترین دینے کا وعدہ کرتا ہوں۔ساتھ ہی اداکار نے لکھا کیا آپ مجھ سے شادی کریں گی؟، اداکار کی جانب سے پوترا کی رضامندی سے متعلق بھی بتایا گیا،تاہم دونوں نے فی الحال شادی کی حتمی تاریخ کے حوالے سے نہیں بتایا۔اداکاروں کی اس پوسٹ پر ناصرف بھارتی مداح بلکہ پاکستانی مداح اور نامور شخصیات مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔