مولانا طارق جمیل نے 10لاکھ کے عوض نکاح پڑھانے اور جلال سنز سے اپنے تعلقات سے متعلق حقائق بتا دیے
عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے جلال سنز اور ماسٹر ٹائلز کی شادی پر نکاح پڑھانے کے عوض 10 لاکھ روپے وصول کرنے سے متعلق ایک اور بیان جاری کیا اور پاکستانی میڈیا کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ میرا میڈیا کے ساتھ سب سے زیادہ تعلق ہے، یہ دجال اور کذاب سے ہیں۔ انہوں نے بالکل جھوٹ بولا ہے، جلال سنز سے میرا تعلق اٹھائیس سال پُرانا ہے، جب یہ چھوٹے سے تاجر تھے، میرا اور اُن کا تعلق تبلیغ کے ذریعے ہوا تھا، یہ تبلیغ میں لگے، اور تبلیغ پر جانا شروع کیا توآنا جانا شروع ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جلال سنز والوں سے میرا محبت کا تعلق شروع سے رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تمام باتیں مولانا طارق جمیل نے ایک آڈیو پیغام میں کہیں۔میں ُپرانے تعلق کی وجہ سے گیا ،میں نے اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے اس حوالے سے بات کی ہے، ان پر بھی مجھ پر بھی جھوٹا الزام ہے، میں نے دوچار نوالے روٹی کے کھائے اور نکاح پڑھاکر واپس آگیا۔ یاد رہے کہ گوجرانوالہ کے ممتاز صنعت کار کی بیٹی کی مہنگی ترین شادی کے سوشل میڈیا پر چرچے ہوئے تھے ، اس تقریب میں مولانا طارق جمیل نے بھی شرکت کی تھی اور کہا گیا تھا کہ تقریب میں نکاح کے لیے مولانا طارق جمیل کو مبینہ طورپر 10 لاکھ روپے دیے گئے۔
جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم بعد ازاں مولانا طارق جمیل نے اس بات کی تردید کی تھی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اللہ کی توفیق سے تبلیغ دین کے لیے پچھلے 45 برس سے چھ برّاعظم پھرا ہوں، اک طویل مدت سے نبی ﷺ کی زندگی کے گیت امت کو سنا رہا ہوں، ہماری ترقی میں رکاوٹ ہماری اخلاقی پستی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نکاح پڑھانے پر پیسے لینے کا بہتان لگانے والوں کی خدمت میں گزارش ہے كہ تبلیغ دین کے اس طویل سفر میں اللہ کی توفیق سے ہزاروں بچیوں اور بچوں کا نکاح اللہ کی رضا کی خاطر پڑھایا ہے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ شیخ محمودصاحب سے میری دیرینہ دوستی ہے ان کی دعوت پر بیٹی کا نکاح پڑھانے پر کیسے پیسے لے سکتا ہوں؟ اللہ ہم سب کو بد گمانی اور الزام تراشی سے محفوظ رکھے۔ تاہم اب مولانا طارق جمیل نے اس حوالے سے دوبارہ تردید کرتے ہوئے میڈیا کو جھوٹا، کذاب اور دجال قرار دیا۔