علیم خان بھی جہانگیر ترین گروپ میں شامل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
حکومت کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد آنے سے قبل تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ترین گروپ کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ علیم خان کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے لائحہ عمل کیا گیا۔علیم خان کی پچھلے 3 دن میں چالیس سے زائد ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات ہوئی اور وہ ہم خیال گروپ سے ملنے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں پر ان کی ویڈیو لنک کے ذریعے جہانگیر ترین سے بات ہوئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آئی کہ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد جہانگیر ترین سے کام کیوں نہیں لیا گیا؟خیال رہے کہ موجودہ سیاسی منظر نامے پر پنجاب کے سابق سینئر وزیر علیم خان بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پچھلے تین دن میں چالیس سے زائد ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی۔دوسری جانب مسلم لیگ نواز کی سینئر قیادت نے بھی علیم خان سے رابطہ کیا ہے۔ علیم خان اور جہانگیر خان ترین آج سے مشترکہ سیاسی حکمت عملی اپنائیں گے۔