اسلامک کارنر

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا

جس طرح علیم، سمیع، بصیر، خبیر اللہ تعالیٰ کی صفات ہیں اسی طرح ہنسنا بھی اللہ تعالیٰ کی صفت ہے، مگر یہ تمام صفات اللہ تعالیٰ کی شان و عظمت کے مطابق ہیں۔ اس کی کوئی صفت مخلوق کے مشابہ نہیں ہے۔ کیونکہ اس کا فرمان ہے: لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ البَصِيرُ. اُس کے مانند کوئی چیز نہیں ہے اور وہی سننے والا دیکھنے والا ہے۔ الشُّوْرٰی، 42: 11 جن روایات میں اللہ تعالیٰ کی اس صفت کا تذکرہ ہوا ہے

ذیل میں پیش کی جا رہی ہیں: عَنْ أَبِي هُرَیْرَةَ أَنَّ رَسُولَ ﷲِ قَالَ یَضْحَکُ ﷲُ إِلَی رَجُلَیْنِ یَقْتُلُ أَحَدُهُمَا الْآخَرَ یَدْخُلَانِ الْجَنَّةَ یُقَاتِلُ هَذَا فِي سَبِیلِ ﷲِ فَیُقْتَلُ ثُمَّ یَتُوبُ ﷲُ عَلَی الْقَاتِلِ فَیُسْتَشْهَدُ. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ دو آدمیوں کو دیکھ کر (اپنی شان کے مطابق) ہنستا ہے حالانکہ انہوں نے ایک دوسرے سے جنگ کی ہوگی اور دونوں جنت میں جائیں گے۔ ایک ان میں سے اللہ کی راہ میں لڑکر قتل ہوا ہوگا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے قاتل کو توبہ کی توفیق بخش دی اور (مسلمان ہوکر) شہادت پاگیا۔ بخاري، الصحیح، 3: 1040، دار احیاء التراث العربي یعنی ایک شخص نے کفر کی حالت میں

مسلمان شخص کو شہید کیا تو شہادت پانے والا وہ جنت میں جائے گا اور بعد میں قاتل بھی مسلمان ہو کر شہید ہو گا تو وہ بھی جنت میں جائے گا۔ اسی طرح ایک طویل حدیث مبارکہ میں بہت ایمان افروز واقعہ بیان کیا گیا ہے جس میں ایک شخص کو دیکھ اﷲ تعالیٰ کو ہنسی آتی ہے: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عرض کیا: آیا ہم آخرت میں اپنے رب کو دیکھیں گے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جب آسمان پر ماہ تمام جلوہ افروز ہو تو کیا اس کو دیکھنے میں تمہیں کوئی دشواری ہوتی ہے، صحابہ نے عرض کیا نہیں یا رسول اللہ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا

جب آسمان پر مہر تاباں جلوہ افروز ہو تو کیا اس کو دیکھنے میں تمہیں کوئی دقت ہوتی ہے، صحابہ کرام نے عرض کیا بالکل نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تم اللہ تعالیٰ کو بھی اسی طرح دیکھو گے، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن تمام لوگوں کو جمع فرمائے گا اور فرمائے گا جو شخص دنیا میں جس چیز کی عبادت کرتا تھا وہ آج بھی اسی کی پیروی کرے، لہٰذا جو شخص دنیا میں سورج کی پوجا کرتا تھا وہ اس کے ساتھ ہو جائے گا جو چاند کی پوجا کرتا تھا وہ اس کے ساتھ ہو جائے گا اور جو بتوں کی پوجا کرتا تھا وہ اُن کے ساتھ ہو جائے گا۔ اخیر میں یہ امت رہ جائے گی جس میں مومن اور منافق دونوں شامل ہوں گے، اللہ تعالیٰ ان کے سامنے کسی ایسی صورت میں جلوہ گر ہو گا

جو ان کے لیے اجنبی ہو گی اور فرمائے گا میں تمہارا رب ہوں، میری امت کہے گی ہم تم سے اللہ کی پناہ میں آتے ہیں ہم اس جگہ ٹھہریں گے یہاں تک کہ ہمارا رب جلوہ گر ہو اور ہم اس کو پہچان لیں، پھر اللہ تعالیٰ ان کے سامنے اس صورت میں جلوہ گر ہو گا جو ان کے لیے جانی پہچانی ہو گی اور فرمائے گا میں تمہارا رب ہوں، پھر میری امت عرض کرے گی ہاں تو واقعی ہمارا رب ہے، پھر وہ اپنے رب کے جلوہ کی اتباع کریں گے، پھر دوزخ کی پشت پر پل صراط بچھایا جائے گا اور میں اور میرے امتی سب سے پہلے اس پل سے گزریں گے اور اس دن رسولوں کے سوا کسی کو اللہ تعالیٰ سے بات کرنے کا حوصلہ نہیں ہو گا اور

اس دن رسولوں کی زبان پر یہی دعا ہو گی اَللّٰهُمَّ سَلِّمْ سَلِّمْ (اے مولیٰ سلامتی سے پار گزار دے) اور جہنم میں سعدان نامی خار دار جھاڑی کی مثل کانٹے ہوں گے، پھر آپ نے پوچھا: کیا تم نے سعدان جھاڑی کو دیکھا ہے، صحابہ کرام نے عرض کیا جی! یا رسول اللہ! آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا وہ کانٹے سعدان جھاڑی کے کانٹوں ہی کی طرح ہوں گے لیکن اس کے دندانوں کی لمبائی کی مقدار کو بغیر اللہ تعالیٰ کے (بتلائے) کوئی نہیں جانتا اور وہ کانٹے لوگوں کو ان کی بد اعمالیوں کی وجہ سے جہنم میں گھسیٹ لیں گے اور بعض مومن اپنے نیک اعمال کے سبب ان سے محفوظ رہیں گے اور بعض مومن پل صراط سے گزر کر جہنم سے نجات پا جائیں گے (یہ سلسلہ یونہی جاری رہے گا) یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کا فیصلہ کر کے فارغ ہو جائے گا،

پھر وہ ارادہ کرے گا کہ جن لوگوں نے شرک نہیں کیا ہے ان میں سے وہ جن کو چاہے محض اپنی رحمت سے جہنم سے نکال لے اس وقت فرشتوں کو حکم دے گا جو لوگ کلمہ طیبہ (لا الہ الا اﷲ محمد رسول اﷲ) پر تاحیات قائم رہے ان کو جہنم سے نکال لیں، فرشتے ان لوگوں کو سجدوں کے نشانات کی وجہ سے پہچان لیں گے کیونکہ آگ ابن آدم کے اعضاء سجود کے علاوہ تمام جسم کو جلا دے گی، یہ لوگ جلے ہوئے جسم کے ساتھ جہنم سے نکالے جائیں گے، پھر ان پر آب حیات ڈالا جائے گا جس کی وجہ سے یہ لوگ اس طرح تروتازہ ہو کر اٹھ کھڑے ہوں گے جیسے کیچڑ میں پڑا ہوا دانہ اگ پڑتا ہے، پھر جب اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے درمیان فیصلہ کرنے سے فارغ ہو جائے گا تو ایک شخص ابھی باقی ہو گا تو وہ اللہ تعالیٰ سے عرض کرے گا اے میرے رب میرا منہ جہنم کی طرف سے پھیر دے اس کی بدبو مجھے ایذاء پہنچاتی ہے اور اس کی تپش مجھے جلا رہی ہے،

پھر جب تک اللہ تعالیٰ کی مشیت میں ہو گا وہ دعا کرتا رہے گا، پھر اللہ تعالیٰ اس کی طرف متوجہ ہو کر فرمائے گا: اگر میں نے تیرا یہ سوال پورا کر دیا تو پھر تو اور سوال کرنے لگے گا، وہ شخص کہے گا کہ میں اور کوئی سوال نہیں کروں گا، پھر اللہ تعالیٰ اس سے وعدہ کی پختگی پر اپنی مرضی کے مطابق عہد و پیمان لے گا پھر اس کے بعد اللہ تعالیٰ اس کا چہرہ جہنم کی طرف سے پھیر کر جنت کی طرف کر دے گا۔ جب وہ شخص جنت کو اپنے سامنے دیکھے گا تو اللہ کی مشیت کے مطابق کچھ دیر تو چپ رہے گا پھر کہے گا اے میرے رب مجھے جنت کے دروازے تک لے جا، اللہ تعالیٰ فرمائے گا کیا تو نے مجھ سے پختہ عہد و پیمان نہیں کیے تھے کہ تو مزید سوال نہیں کرے گا، افسوس ہے اے ابن آدم! تو کس قدر عہد شکن ہے، وہ شخص عرض کرے گا اے میرے رب! اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا رہے گا حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ اس سے فرمائے گا:

اگر میں نے تیرا یہ سوال بھی پورا کر دیا تو پھر تو اور کچھ نہیں مانگے گا؟ وہ شخص کہے گا اے میرے رب تیری عزت و جلال کی قسم میں ایسا نہیں کروں گا، پھر اللہ تعالیٰ اس شخص سے اس نئے وعدہ کی پختگی پر اپنی مرضی کے مطابق عہد و پیمان لے گا اور اس کو جنت کے دروازے پر کھڑا کر دے گا، جب وہ شخص جنت کے دروازہ پر کھڑا ہو گا تو جنت اپنی تمام وسعتوں کے ساتھ اس کو نظر آئے گی اور وہ اس میں سرور انگیز اور خوشگوار مناظر دیکھے گا، پھر اللہ تعالیٰ کی مشیت کے مطابق کچھ دیر تو وہ چپ رہے گا اس کے بعد کہے گا: اے میرے رب مجھے جنت میں داخل کر دے۔ اللہ تعالیٰ اس سے فرمائے گا: کیا تو نے ابھی پختہ عہد نہیں کیے تھے کہ تو اس کے بعد سوال نہیں کرے گا، افسوس اے ابن آدم تو کس قدر عہد شکن ہے۔ وہ شخص عرض کرے گا: أَيْ رَبِّ! لَا أَکُونُ أَشْقَی خَلْقِکَ فَلَا یَزَالُ یَدْعُو اﷲَ حَتَّی یَضْحَکَ اﷲُ تَبَارَکَ وَتَعَالَی مِنْهُ۔ فَإِذَا ضَحِکَ اﷲُ مِنْهُ، قَالَ: ادْخُلِ الْجَنَّةَ.

اے میرے رب! میں تیری مخلوق میں سب سے زیادہ بدنصیب ہوں گا (کہ جنت کے دروازہ پر کھڑا ہوں اور پھر جنت کے اندر نہ جا سکوں) وہ یونہی بار بار دعا کرتا رہے گا حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ کو اپنی شان کے مطابق ہنسی آئے گی، پھر جب اللہ تعالیٰ ہنس پڑے گا تو فرمائے گا: جا جنت میں داخل ہو جا۔ اور جب اس شخص کو اللہ تعالیٰ جنت میں داخل کر دے گا تو پھر فرمائے گا اب اور تمنا کر، وہ شخص اللہ تعالیٰ سے کچھ سوال اور تمنائیں کرے گا، پھر اللہ تعالیٰ خود اس کو جنت کی نعمتوں کی طرف متوجہ کرے گا اور جنت کی نعمتوں کی اجناس اسے یاد دلائے گا تاکہ اس کی آرزوئیں پوری ہو جائیں، اس کے بعد اللہ تعالیٰ فرمائے گا یہ سب نعمتیں بھی لے لو اور اتنی ہی مقدار میں اور نعمتیں بھی لے لو۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے بھی اس حدیث کو حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کے مطابق بیان کیا۔

صرف اس بات سے اختلاف کیا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے جب یہ کہا یہ تمام نعمتیں بھی لے لو اور ان کے برابر اور نعمتیں بھی لے لو تو حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا اے ابو ہریرہ! یہ تمام نعمتیں بھی لو اور اس کی مثل دس نعمتیں اور لے لو۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا مجھے تو یہ حدیث یونہی یاد ہے کہ یہ نعمتیں اور ان کی ایک مثل لے لو۔ حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ نے کہا میں اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد اسی طرح یاد ہے کہ یہ نعمتیں بھی لو اور ان کی مثل دس نعمتیں اور لے لو۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا میں اس شخص کی بات کر رہا ہوں جو سب سے آخر میں جنت میں داخل ہو گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button