براڈ شیٹ کیس،لندن ہائی کمیشن کے اکائونٹ سے اد ا شدہ 82کروڑ سے زائد رقم نیب سے تاحال وصول نہ کئے جانے کا انکشاف

اسلام آباد(آن لائن) براڈ شیٹ کیس میں لندن ہائی کمیشن کے اکائونٹ سے ادا کئے جانیوالے 82کروڑ روپے سے زائد رقم نیب سے تاحال وصول نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ،براڈ شیٹ کو جرمانے کی ادائیگی کی رقم پاکستان ہائی کمیشن لندن کے یو بی ایل اکائونٹ سے کی گئی تھی ،
دفتر خارجہ نے 42کروڑ روپے واپس ملنے کی تصدیق کردی۔ آڈیٹرجنرل آفس کے مالی سال 2021/22کے آڈٹ دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے یو بی ایل اکا?نٹ سے برطانونی عدالت کے احکامات پر براڈ شیٹ نامی کمپنی کو 41لاکھ15ہزار 382پائونڈ ادا کئے گئے جن کی پاکستانی روپے میں مالیت 82کروڑ 16لاکھ 44ہزار روپے سے زائد بنتی ہے دستاویزات کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اپنے افسران بالا سے کسی قسم کا اجازت نامہ بھی حاصل نہیں کیا تھا اور محض نیب حکام کے کہنے پر یہ ادائیگی کی گئی تھی اور ابھی تک یہ رقم نیب نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کو واپس نہیں کی ہے واضح رہے کہ دسمبر 2021میںآڈٹ حکام نے اس خطیر رقم کی عدم ادائیگی کے حوالے سے اعتراض کیا تھا جس پر وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ اگست2021میں نیب کی جانب سے 25لاکھ 53ہزار 127ڈالر کی ادائیگی کی گئی ہے جو پاکستانی کرنسی میں42کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے تاہم دفتر خارجہ کی جانب سے رقم وصولی سے متعلق کسی قسم کے دستاویزات آڈٹ حکام کو فراہم نہیں کئے گئے۔