تازہ تریننیشنل خبریں

اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروا دی

متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن قومی اسمبلی سکریٹریٹ میں سپیکر اسمبلی اسدقیصر کو جمع کروا دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد اور ریکوزیشن جمع کروانے کیلئے اپوزیشن کا وفد سابق سپیکر اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت اسمبلی سیکریٹریٹ پہنچا ، وفد میں شازیہ مری، خواجہ سعد رفیق، شاہدہ اختر، عالیہ کامران، مریم اورنگیزیب شامل تھیں۔ اپوزیشن کے اراکین تحریک اور ریکوزیشن جمع کروانے کیلئے پہنچے تو سپیکر اسد قیصر اپنے چیمبر میں موجود نہیں تھے، معلوم کرنے پر پتا چلا کہ وہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کیلئے ان کے دفتر گئے ہیں۔کچھ دیر انتظار کے بعد اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروا دی ۔ تحریک عدم اعتماد پر 86 اراکین اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔جن میں ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ایف کے اراکین اسمبلی شامل ہیں۔

مسلم لیگ ن کا کچھ دیر قبل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس دوران تمام اراکین اسمبلی کو اگلے تین ہفتوں کیلئے اسلام آباد میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اجلاس میں ہر صورت حاضری کو یقینی بنانے کا کہا گیاہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر ترین گروپ کا اجلاس ہوا جس دوران علیم خان بھی شریک ہوئے اور ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمران خان نے ناراض رہنماوں کو منانے کا ٹاسک گورنر سندھ عمران اسماعیل کو دیا ، جس پر گزشتہ شب عمران اسماعیل اور عامر کیانی نے علیم خان سے ملاقات کی ۔ اس اہم ملاقات کے بعد علیم خان اس وقت اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں ان کی عمران خان سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا جارہاہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button