خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے خاموشی توڑ دی ، پیغام جاری کر دیا
خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست سمجھی جانے والی فرح خان نے عائد کیئے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق فرح خان کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ میرا سیاست سے تعلق ہے اور نہ ہی کبھی سرکاری معاملات میں مداخلت کی ، میرے کردار پر کیچڑا چھالنے والوں کی اپنی بھی بہن بیٹیاں ہیں، بزنس کے بارے میں میرے شوہر پہلے ہی وضاحت دے چکے ہیں، جن لوگوں کو میرے ساتھ منسوب کیا گیا وہ بھی اس کی تردید کر چکے ہیں ۔ فرح خان کا کہناتھا کہ میری فیملی ان الزامات کو سن کر صدمے میں ہے ،مجھے اور میرے خاندان کو سنی سنائی باتوں پر بدنام نہ کیا جائے ۔یاد رہے کہ فرح خان کی ایک تصویر وائر ل ہوئی تھی جس میں وہ جہاز کی بزنس کلاس میں سفر کر رہی تھیں، اس تصویر نے مقبولیت ان کی ٹانگوں کے پاس پڑے بیگ کے باعث حاصل کی جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے ۔
سپریم کورٹ نے سپیکر رولنگ از خود نوٹس کیس کا فیصلہ گزشتہ شب سنا دیا ہے جس میں سپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیا گیاہے اور قومی اسمبلی کو بحال کر دیا گیاہے، عدالت نے نو اپریل کو اسمبلی کا اجلاس بلاتے ہوئے عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حکم بھی دیاہے ۔
واضح رہے کہ تین اپریل بروز اتوار کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہو نا تھی، صبح کے وقت اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت شروع ہو جس پر سب سے پہلے فواد چوہدری کو بولنے کی اجازت دی گئی، فواد چوہدری اپنی نشست پر کھڑے ہو کر تحریک پیش کی کہ عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہےجسے سپیکر نے منظور کرتے ہوئے عدم اعتماد کو مسترد کرتے ہوئے رولنگ جاری کر دی۔
سپیکر کی جانب سے عدم اعتماد کو مسترد کیئے جانے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے خوب احتجاج کیا اور سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا گیا تاہم سپریم کورٹ نے ملکی صورتحال کو دیکھتے ہوئے معاملے کا ازخود نوٹس لیا اور اسی دن سماعت مقرر کر دی، تمام جماعتوں کے وکلاء کی جانب سے دلائل دیئے گئے جس کے بعد گزشتہ روز سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو کہ کچھ دیر کے بعد سنا دیا گیا ۔