ایک عرصے بعد روپے کی قدر میں اضافہ، سٹاک مارکیٹ میں تیزی، پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد معیشت میں بھی استحکام دکھائی دینے لگا ہے ، مسلسل پانچ ہفتوں کے بعد ڈالر کی قیمت میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی جاری ہے جس پر پاکستانی شہری شکر ادا کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 1.57 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 186 روپے 60 پیسے پر ٹریڈ کر رہاہے ۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے ، مارکیٹ میں شیئرز کا لین دین شروع ہوا تو 100 انڈیکس 43 ہزار 786 پوائنٹس کی سطح پر تھا جس میں آج بالکل بھی کمی دیکھنے میں نہیں آئی بلکہ صرف چڑھائی ہی ہوئی، مارکیٹ میں اب تک 530 پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 44 ہزار 317 پوائنٹس پر پہنچ گیاہے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے سپیکر رولنگ از خود نوٹس کیس کا فیصلہ گزشتہ شب سنا دیا ہے جس میں سپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیا گیاہے اور قومی اسمبلی کو بحال کر دیا گیاہے، عدالت نے نو اپریل کو اسمبلی کا اجلاس بلاتے ہوئے عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حکم بھی دیاہے ۔
واضح رہے کہ تین اپریل بروز اتوار کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہو نا تھی، صبح کے وقت اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت شروع ہو جس پر سب سے پہلے فواد چوہدری کو بولنے کی اجازت دی گئی، فواد چوہدری اپنی نشست پر کھڑے ہو کر تحریک پیش کی کہ عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہےجسے سپیکر نے منظور کرتے ہوئے عدم اعتماد کو مسترد کرتے ہوئے رولنگ جاری کر دی۔