سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد متحدہ عرب امارا ت میں (ن) لیگی کارکنوں نے جشن منایا
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد متحدہ عرب امارا ت میں (ن) لیگی کارکنوں نے مختلف مقامات پر جشن منایا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے مٹھائیاں کھلائیں اور خوشی کا اظہار کیا- عدلیہ کے حالیہ فیصلے کو سراہتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) متحدہ عرب امارا ت وومن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر نے پی ایم ایل این کی لیگی خواتین کے ہمراہ دبئی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں خوشی کے اظہار کے لئے کیک کاٹا گیا-
اس موقع پروومن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پاکستان کے عوام کو ان کا آئینی حق دلا دیا ہے- جس پر پاکستانی عوام اندرون اور بیرون ملک بے حد خوش ہیں – انہوں نے کہا کہ یہ کسی فرد واحد یا تنظیم کی کامیابی نہیں بلکہ آئین، پاکستان اور پوری قوم کی فتح ہے۔ عدلیہ نے نظریہ ضرورت کو دفن کرکے آج عوامی اعتماد جیت لیا۔ عدلیہ کے اس اچھے آئینی اور عوام دوست فیصلے پہ عدلیہ تعریف کی مستحق ہے اس فیصلے کو پاکستان میں آئین کی سربلندی کیلئے ایک سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔ مکمل انصاف ہی سپریم کورٹ آف پاکستان کی زمہ داری ہے جو انہوں نے آج اداکر دیا ہے۔ عوام کا اجتماعی شعور ہمیشہ صحیح سمت میں لے جاتا ہے-فرزانہ کوثر نے کہا کہ اس فیصلے پر پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے کہ آج ان کو ایک ایسے شخص سے نجات ملی ہے جس نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ وبرباد کر دیا تھا- انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی جیت ہے، یہ جمہوریت کی جیت ہے،اب اس فتح کی وجہ سے ہم جمہوریت کی بحالی کی طرف بڑھیں گے جس سے پاکستان مضبوط ہو گا اور سب کے حالات میں بہتری آئے گی-