حکومت نے دھمکی آمیز مراسلے پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا
وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سیاسی تبدیلی سے متعلق دھمکی آمیز خط پر تحقیقاتی کمیشن بنا رہے ہیں، کمیشن 90روز کے اندر تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ لیفٹنٹ جنرل(ر)طارق خان کی سربراہی میں بیرونی دھمکی آمیز خط پر تحقیقاتی کمیشن بنا رہے ہیں،تحریک عدم اعتماد وزیر اعظم کیخلا ف عالمی سازش ہے ،کل قومی اسمبلی اجلاس میں تمام حقائق ارکان کے سامنے رکھیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ کی بالادستی خطرے میں پڑ گئی ہے ۔وفاقی حکومت پوری طرح الیکشن کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے تعاون کیلئے تیار ہے اور ہم تو 2سال سے الیکشن کمیشن کو کہہ رہے تھے کہ الیکشن کی تیاری کرے خصوصا الیکٹرونک ووٹنگ مشینز اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے معاملے پر تیاری کا کہا تھا ۔اب الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ کو آپ چھوڑ ہی دیں ہم تو مقامی لوگوں کی ووٹنگ نہیں کر سکتے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے بتائیں کہ کوئی بھی ملک 7مہینے بنا کسی حکومت کے کیسے چل سکتا ہے ؟
کیا نگران حکومت 7سے 8مہینے ان معاشی حالات کو قابو کر سکتی ہے ؟ ہمیں فورا ایک مستحکم حکومت کی طرف جانا چاہیے اگر پاکستان میں مستحکم حکومت نہیں ہو گی تو وہ نہ سیاسی فیصلے کر سکے گی نہ معاشی فیصلے کر سکے گی اور نہ ہی خارجی فیصلے کر سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بڑی مشکل سے پاکستان میں لوگوں کو ریلیف دیا تھا ، بجلی کی قیمتیں کم کیں ہم نے پٹرول کی قیمتیں کم کیں اور انہیں مستحکم کیا بڑی مشکل سے گروتھ ریٹ 5.4پر لے کر آئے ۔