بیرونی سازش تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ بنائے جانیوالے ریٹائرڈ جنرل طارق خان کس طرح کے خیالات کے مالک ہیں؟حامد میر نے نئی بحث چھیڑ دی

سینئر صحافی حامد میر نے کہاہے کہ حکومت نے دھمکی آمیز مراسلے پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کیاہے اور اس کا سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق خان کو بنایا گیاہے ، ان کے سیاسی نظریات کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ تحریک انصاف کے حامی ہیں اور ساتھ ہی ن لیگ ، پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے خلاف ہیں ۔
سینئر صحافی حامد میر نے نجی ٹی وی جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق خان کی بطور فوجی بہت سی خدمات ہیں جن کی ہم داد بھی دیتے ہیں ۔ طارق خان اس سسٹم کے ہی خلاف ہیں وہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں یہ جمہوریت ہونی ہی نہیں چاہیے ، یہ غلط جمہوریت ہے ۔ صحافی کا کہناتھا کہ کم از کم بندہ ہی ایسا رکھتے جسے باقی سٹیک ہولڈرز تسلیم کر لیتے ، یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم پارلیمنٹ کے سامنے وہ مراسلہ رکھنے جارہے ہیں ۔
حامد میر کا کہناتھا کہ یہ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے حکم جاری کیا ہواہے کہ آپ سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے، کہیں آپ اس لیے تو نہیں کر رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ آپ پر توہین عدالت لگا دے ، یہ خط صحیح یا نقلی ہو اآپ اس کا متن شیئر نہیں کر سکتے ۔