فرح خان اور اس کے خاندان کے نام 19 گاڑیاں، مزید تفصیلات سامنے آگئیں، پاکستانی کانوں کو ہاتھ لگانے لگے
خاتونِ اول کی قریبی سہیلی فرح خان اور ان کے خاوند کے نام پر مجموعی طور پر 19 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق فرح خان نے 2013 اور 2015 میں پورشے گاڑیاں خریدیں اور محکمہ ایکسائز کو دونوں گاڑیوں پر 11 لاکھ 81 ہزار روپے رجسٹریشن کی مد میں ادا کیے۔فرح خان کے نام پر 12 جب کہ ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام پر مقامی طور پر تیار ہونے والی سات گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔
اس کے علاوہ فرح خان نے سنہ 2019 میں تین کروڑ 60 لاکھ روپے کی پورشے گاڑی کی ایڈوانس بکنگ بھی کرائی تھی۔ وہ ڈیفنس کے جس گھر میں مقیم ہیں وہ بھی فرح کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہے جس کی مالیت 22 سے 25 کروڑ روپے ہے۔ فرح خان نے تمام گاڑیاں اور پراپرٹی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں ڈکلیئر کیا ہوا ہے۔
سینئر صحافی رئیس انصاری کے مطابق فرح خان نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر گوجرانوالا میں ہاؤسنگ سکیم بنائی ۔ ان کی آمدنی کا بڑا حصہ پراپرٹی کے کاروبار سے آتا ہے۔ ان کے سسر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ہیں اور کئی بار وزیر بھی رہ چکے ہیں۔