پولیس نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کی دیرینہ خواہش پوری کردی
پشاور (این این آئی)پشاور پولیس نے چار سدہ کے غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے تھیلیسیمیا کے مریض 14 سالہ بچے شعیب اختر کی دیرینہ خواہش پوری کردی۔پشاور پولیس کے ایس ایس پی آپریشن لیفٹیننٹ کمانڈر (ر)کاشف آفتاب عباسی نے چارسدہ کے
ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ تھیلیسیمیا کے مریض بچے شعیب اختر کی بڑی خواہش پوری کرتے اس کو ملاقات کے لیے اپنے دفتر میں بلا لیا، ملاقات کے دوران شعیب اختر نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔ایس ایس پی آپریشن کاشف آفتاب عباسی نے پولیس یونیفارم پہنے شعیب کے ساتھ وقت گزارا اس کے ساتھ گفتگو کی جس کے بعد سٹی پیٹرول فورس کی گاڑی نے شعیب کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ پولیس لائن گیٹ تک رخصت کیا جہاں پولیس فورس کے جوانوں نے ننھے پولیس افسر شعیب کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔ملاقات کے دوران شعیب اختر نے کہا میں اس سے پہلے بھی کئی اعلی شخصیات سے مل چکا ہوں تاہم کافی عرصے سے خواہش تھی کہ میں آپ سے ملاقات کروں اور میری یہ دیرینہ خواہش آج پوری ہوگئی ہے، اس موقع پر دونوں نے ایک دوسرے کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے۔واضح رہے کہ تھیلیسیما کے مریض 14 سالہ شعیب اختر کا تعلق چارسدہ کے ایک غریب گھرانے سے ہے اور وہ تیسری جماعت کا طالبعلم ہے، شعیب نے ایس ایس پی آپریشن سے ملنے کی خواہش سوشل میڈیا پر کی تھی جس پر ایس ایس پی آپریشن کاشف آفتاب عباسی نے اسے پولیس لائن پشاور میں اپنے دفتر میں بلا کر ملاقات کی۔