فیکٹ چیک ، 1930کی گول میز کانفرنس میں عمران خان کا کوئی رشتہ دار موجود نہیں تھا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو سوشل میڈیا پر 1930 میں ہونے والی گول میز کانفرنس کی تصویر میں اپنے رشتہ داروں کا بتانا مہنگا پڑ گیا۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے
سوشل میڈیا پر 1930 میں ہونے والی گول میز کانفرنس کی تصویر شئیرکی گئی جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘لندن 1930 کی تاریخی گول میز کانفرنس میں قائد اعظم اور علامہ اقبال دونوں موجود تھے،یہ تصویر میرے خاندان کے لیے فخر کا باعث اس لیے ہے کیونکہ تصویر کے بائیں جانب سے دوسرے اور تیسرے نمبر پر میرے دادا کے بھائی محمد زمان خان جن کے نام پر زمان پارک بھی قائم کیا گیا ہے اور میرے خالو جہانگیر خان بھی موجود ہیںسوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کی اس پوسٹ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عمران خان تصویر سے متعلق غلط معلومات فراہم کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر برطانیہ کی اوپن یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود ہے جس میں عمران خان کے کسی بھی رشتہ دار کا ذکر نہیں ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب عمران خان نے اس طرح کی غلط معلومات کے ساتھ تصویر شیئر کی ہو، اس سے قبل بھی انہوں نے 2018 میں یوم آزادی کے موقع پر تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال ان کے رشتہ داروں کے پاس بیٹھے ہوئے ہیں۔