خاتون اینکر کو خبریں پڑھتے ہوئے براہ راست نشریات کے دوران اچانک فالج کا دورہ پڑگیا

واشنگٹن(این این آئی)امریکی خاتون اینکر کو خبریں پڑھتے ہوئے براہ راست نشریات کے دوران اچانک فالج کا دورہ پڑگیا، جس کے باعث انہیں نشریات منقطع کرنی پڑگئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جولی چن کو دوران نشریات اس وقت فالج کا دورہ پڑا جب وہ ناسا کے راکٹ
لانچ میں تاخیر کے حوالے سے خبریں پڑھ رہی تھیں۔وائرل ہونے والی ان کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فالج کے دورے کے باعث انہیں الفاظ کی ادائیگی میں کافی مشکل پیش آرہی ہے، کئی بار ان کی زبان اٹکی اور پھر ان کی زبان نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا۔نیوز چینل کے ایگزیکٹو مائیک سنگٹن کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کی گئی ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ جولن جانتی تھی کہ انہیں کچھ مسئلہ پیش آرہا ہے لیکن کوشش کے باوجود جب وہ ناکام رہیں تو انہوں نے ناظرین سے معذرت کرتے ہوئے نشریات کو موسم کے سیگمنٹ پر منتقل کر دیا۔بعد ازاں ان کے ساتھی ملازمین نے ایمرجنسی 911 پر فون کر کے اطلاع دی اور اینکر کو اسپتال منتقل کیا گیا، اب وہ خیریت سے ہیں۔مائیک سنگٹن نے مزید لکھا کہ وہ جولن کی ویڈیو ناظرین کے لیے اس لیے شیئر کررہے ہیں تاکہ فالج کے ابتدائی علامات سے آگاہ کرسکیں۔