پاکستان

پی اے سی کا خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعما ل کر نے پر عمران خان سمیت دیگر نادہندگان سے نیب کو فوری وصولی کا حکم

اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب)نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر عہدیداروں اور افراد کی فہرست قومی اسمبلی کی پبلک اکانٹس کمیٹی میں جمع کرادی ہے جنہوں نے حکومت خیبرپختونخوا ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔پبلک اکانٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس

چیئرمین نور عالم خان کی صدرات میں ہوا جہاں نیب نے حکومت خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر مفت استعمال کرنے والوں کی فہرست پیش کردی، جن میں کئی سیاستدان اور صحافی بھی شامل ہیں۔نیب کی فہرست میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 137 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر سفر کیا، جس کا سرکاری ریٹ کے مطابق خرچہ 5 کروڑ 55 لاکھ 67 ہزار 876 روپے اور کمرشل ریٹ کے مطابق 6 کروڑ 39 لاکھ 2 ہزار 143 روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اشتیاق ارمڑ نے 52، صوبائی وزیر عاطف خان نے 34 مرتبہ ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔کے پی کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں کی فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے 3 مرتبہ، رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے بھی 3 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر سفر کیا۔قومی احتساب بیورو کی جانب سے پی اے سی میں پیش کی گئی فہرست میں حکومت کے پی کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 1800 ہے۔ واضح رہے کہ فہرست میں سفر کی تاریخ واضح نہیں کی گئی۔فہرست کے مطابق ہیلی کاپٹر استعمال کر کے ادائیگی نہ کرنے والوں میں عمران خان کے علاوہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 26 مرتبہ سفر کیا، پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور نے 5 مرتبہ، صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ نے 52مرتبہ، سابق سینئیر صوبائی وزیر سراج الحق 4 مرتبہ، پی ٹی آئی کے مرحوم رہنما نعیم الحق 22 مرتبہ،

عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان ، سابق صوبائی وزیر شاہ فرمان، صوبائی وزیر شہرام تراکئی، پی ٹی آئی رہنماں شفقت محمود، زلفی بخاری اور شہریار آفریدی نے بھی سرکاری ہیلی کاپٹر پر سفر کیا جس کی ادائیگی نہیں کی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق فہرست میں پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق، سینیٹر فیصل جاوید، سابق آئی جی کے پی ناصر درانی کے نام بھی شامل ہیں۔

سرکاری ہیلی کاپٹر میں مفت سفر کرنے والے صحافیوں میں ارشد شریف، فریحہ ادریس اور ڈاکٹر شاہد مسعود کے نام بھی شامل ہیں۔نیب کی جانب سے کہا گیا کہ مذکورہ فہرست کے پی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے اور نادہندگان سے رقم وصول کرنے کی سفارش کی ہے۔چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پر سفر کرنے والے آج کل حکومت پنجاب کا ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں۔پی اے سی نے حکومت سندھ کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں کی فہرست مرتب کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button