تازہ تریننیشنل خبریں

پاکستان تحریک اتحاد نے” متحد اور بہتر پاکستان تحریک“ کا لاہور سے آغاز کر دیا

پاکستان تحریک اتحاد نے” متحد اور بہتر پاکستان کی تحریک“ کا لاہور سے آغاز کر دیا ۔ پاکستان تحریک اتحاد کے چیئرمین چودھری اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 82 سال قبل قیام پاکستان کی تحریک لاہور سے شروع ہوئی اور آج ہم نے متحد اور بہتر پاکستان کی تحریک کا لاہور سے آغاز کر دیا ہے،ہم نے فرقہ واریت، لسانیت اور مختلف گروہوں میں بٹی قوم کو متحد کرنا ہے اور ہر قسم کی بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہے، ہم نے اصولوں کی سیاست کو فروغ دینا ہے ، الزام اور گالی کی سیاست ہمارے منشور کا حصہ نہیں ہے ، ہم ملک میں تعمیری کام کرنا چاہتے ہیں، قائد اعظمؒ کے بعد کسی سیاسی جماعت نے ملک میں مثبت کام نہیں کیا بلکہ ملک کودولخت کیا اور موروثی سیاست کی، ہم روایتی سیاستدانوں کے طلسم کو توڑیں گے، کشکول توڑنے کا دعویٰ کرنے والوں نے کشکول اور بڑا کر لیا ہے۔ ہم آزادی صحافت کی جنگ میں بھی اگلی صفوں میں ہونگے۔”پاکستان فورم “ میں اظہار خیال کرتے ہوئے چودھری اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی ای کا ایجنڈا اور منشور قوم کو متحد کر کے ایک قوم بنانا ہے۔ عمران خان نے 22برسوں میں پی ٹی آئی بنائی اور اقتدار حاصل کیا ہم 22مہینوں میں پارٹی کو منظم کریں گے اور اقتدار میں بھی شامل ہو جائیں گے۔ چوہدری اورنگزیب نے روزنامہ ”پاکستان“ کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی سے ملاقات بھی کی۔ فورم میں مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے چوہدری اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی ای آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی، بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لینے کیلئے پارٹی کو منظم کر دیا گیا ہے اور تنظیم سازی کا کام آخری مرحلے میں ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں کے 24سے زائد ارکان اسمبلی اور 12سے زائد ارکان قومی اسمبلی کے ہم سے رابطے میں ہیں وہ کسی بھی وقت ہمیں جوائن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر پہلے سے کئی سیاسی جماعتیں اور مذہبی جماعتیں موجود ہیں مگر تحریک اتحاد ایک قومی جماعت ثابت ہو گی،وقت آ گیا ہے کہ قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے۔ رنگ و نسل کی تمیز کئے بغیر یہی میری پارٹی کا ایجنڈا اور منشور ہے جب پاکستان ایک اللہ اور ایک رسول کے نام پر بنا تو ہم ایک قوم کیوں نہیں بن سکے بہت جلد قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button