ماں کو ابتر حالت میں دیکھ کر 3 بھائیوں نے بیویوں کو طلاق دیدی
الجیریا(این این آئی)شمالی افریقی ملک الجزائر میں بوڑھی بیمار ماں کو بری حالت میں دیکھ کر تین بھائیوں نے اسی وقت اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شوہر اپنی بیویوں کو ماں کی دیکھ بھال کرنے
کی ہدایات جاری کرکے ملازمت پر گئے تھے لیکن شام کو جب تینوں بھائی گھر لوٹے تو ماں کو پڑوسیوں کے رحم و کرم پر پایا۔پڑوسی ضعیف ماں کو نہلا رہے تھے جسے دیکھ کر بیٹوں کا پارہ ہائی ہوگیا، گھر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ تینوں خواتین اپنے کمروں میں آرام کررہی ہیں جس پر بیٹوں نے ماں کا دھیان نہ رکھنے پر استفسار کیا، بات تکرار تک آن پہنچی اور پھر بیٹوں نے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔پولیس کے مطابق لڑکوں کی ماں کا خیال ان کی شادی شدہ بہن رکھتی تھی اور کافی وقت دیر تک اپنی ماں کے ساتھ گھر پر رکتی تھی تاہم پچھلے کچھ دنوں سے بیٹی نہیں آرہی تھی کیونکہ اس کے شوہر میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔بیٹوں نے اپنی بیویوں کو ماں کا خیال رکھنے کا کہا جس پر تینوں خواتین نے اپنی ساس کو پڑوسیوں کے حوالے کردیا۔