بنگلہ دیش میں پیٹرول کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ڈھاکہ (این این آئی )بنگلادیش میں پیٹرول کی قیمت میں 51 روپے کا اضافہ کردیا جو کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیشی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 51.07 فیصد تک اضافہ کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن وزارت توانائی نے جاری کردیا ہے۔
اضافے کا اطلاق گذشتہ رات سے کردیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 51.02 فیصد اضافے کے بعد 130 ٹکا یعنی 307 پاکستانی روپے ہوگئی ہے۔ہائی اوکٹین کی فی لیٹر قیمت 51.07 فیصد اضافے کے بعد 135 ٹکا یعنی 318 پاکستانی روپے جبکہ ڈیزل اور مٹی کا تیل 42.05 فیصد اضافے کے بعد 114 ٹکا یعنی 269 پاکستانی روپے 36 پیسے ہوگئی ہے۔اعلان کے بعد بنگلادیش کے ہزاروں شہریوں نے پیٹرول پمس کا رخ کیا تاکہ قیمتوں میں اضافے سے قبل ہی وہ پیٹرول بھرواسکیں۔بنگلادیش کی وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فروری اور جولائی کے درمیان ایندھن پر سبسڈی کی وجہ سے حکومت کو 840 ملین ڈالرز سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ تیل کی سپلائی کو معمول پر رکھنے کے لیے قیمتوں میں اضافے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا چارہ نہیں تھا تاہم انہوں نے عوام سے صبر کی اپیل کی ۔روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے تیل اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے سے بنگلادیش کا درآمدی بل بڑھ گیا ہے۔اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے بنگلادیشی حکومت نے آئی ایم ایف سمیت دیگر عالمی اداروں سے قرض طلب کیا ہے۔