عثمان بزدار نے سی ایم میس سے جتنے مٹن پلاؤ، ہرن کھانے تھے کھا چکے ، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بزدار صاحب جلد از جلد الوداعی ملاقاتیں کر لیں ، آپ نے سی ایم میس سے جتنے مٹن پلاؤ ، ہرن کھانے تھے کھا لئے ، اب جیل کی دال روتی کھانے کا وقت آگیا ہے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق عظمی بخارینے کہا کہ عمران خان کے بعد عثمان بزدار کا نمبر آئے گا ، ان کی ملاقاتیں صرف "کرسی بچاؤ” کے تحت ہو رہی ہیں ، اب نہ کرسی رہے گی نہ شاہی پروٹوکول رہے گا۔واضح رہے کہ آج صبح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی کے رکن عبدالرحمان خان، چودھری عادل پرویز گجر،گلریز افضل گوندل،عمر فاروق اور رانا شہباز احمد نے ملاقات کی تھی ۔
ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن پراپیگنڈہ کر کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی ، ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، حکومت کو عوام کی مشکلات کا پورا احساس ہے ، اپوزیشن ساڑھے 3برس سے واویلا مچا رہی ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لئے تمام انتظامی اقدامات اٹھا رہے ہیں ، حکومتی اقدامات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم ہوئی ہیں ، عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں، اپوزیشن عوام کیلئے نہیں،صرف اقتدار کیلئے شور مچا رہی ہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ عناصرملک کو عدم استحکام کی طرف لے جا کر دشمن کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں، ملک و قوم کے مفادات کو زک پہنچانے والے رہبر نہیں۔