لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی درخواست پر ٹیم کے فاسٹ باولر زمان خان کیلئے آزاد کشمیر میں نیا گھر تعمیر کروانے کا اعلان کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق یہ اعلان قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا کی جانب سے زمان خان کے اعزاز میں سجائی گئی ایک تقریب کے دوران کیا گیا جہاں کرکٹر کے والد بھی موجود تھے۔ثمین رانا نے اس موقع پر زمان خان کی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو اس پر فخر ہونا چاہیے کیونکہ وہ ملکی و غیر ملکی بڑے کھلاڑیوں کے درمیان تھا پھر بھی اس نے اپنی الگ پہچان بنائی، محنت سے پوری ٹیم کا ساتھ دیا، ہماری خواہش تھی کہ اس کے گھر آئیں اور اس کے والد سے ملاقات کرکے شکریہ ادا کریں۔سی او او قلندرز نے کہا کہ زمان کی وجہ سے قلندرز کو 6 سال بعد ٹرافی ملی، وہ ایسا بچہ ہے جس نے اس ٹورنامنٹ میں دو میچز اکیلے ہی جتا دیے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں آنے سے قبل ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی فون کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے درخواست کی کہ زمان کے پاس پکا مکان نہیں ہے، اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کے لیے گھر تعمیر کیا جائے گا۔