کورونا ،فلپائن میں بچوں کیلئے چین کی سائنو ویک ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی گئی

منیلا (شِنہوا) فلپائن کی فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے بچوں کے لیے چین کی سائنو ویک نوول کرونا وائرس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے ۔ سیکرٹری صحت فرانسسکو ڈیوک نے پیر کے روز کہا کہ حکومت جلد ہی 6 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے نوول کورونا وائرس کی سائنو ویک ویکسین یا غیر فعال کورونا ویک ویکسین کا انتظام کرے گی۔
ڈیوک نے مزید کہا کہ ہم اس پر عمل درآمد کے لیے صرف آپریشنل تفصیلات دیکھ رہے ہیں تاہم اس میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔کورونا ویک نوول کرونا وائرس کی دوسری ویکسین ہے جسے فلپائن میں بچوں کو د ئیے جانے کی اجازت ہے۔ فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن نے پہلے ہی بچوں کے لیے فائزر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی۔
سائنو ویک ویکسین منیلا میں فراہم کی جانے والی پہلی ویکسین بھی ہے، چین نے گزشتہ سال 28 فروری کو پہلی کھیپ عطیہ کی تھی، جس سے ملک کو اگلے ہی دن اپنی ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا موقع ملا۔فلپائن نے 10 مارچ تک نوول کرونا وائرس ویکسین کی 13 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی ہیں۔ 6 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے۔ فلپائن میں اب تک نوول کورونا وائرس کے 36لاکھ 70 ہزار سے سے زیادہ مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں 57 ہزار 610 اموات بھی شامل ہیں۔