نہرو نے جناح کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تھے،بی جے پی کی شدید تنقید
نئی دہلی(این این آئی)بھارتی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے برصغیر کی تقسیم کی یاد میں 7 سیکنڈ کی ویڈیو ریلیز کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ ویڈیو میں بی جے پی نے کانگریس پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے جواہر لعل نہرو کو
تنقید کا نشانہ بنایا اور تقسیمِ ہندوستان کا ذمے دار ٹھہرایا ہے۔بی جے پی کا کہنا تھا کہ جواہر لعل نہرو نے محمد علی جناح کی زیرِ قیادت مسلم لیگ کے مطالبات کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، جس کا خمیازہ ہندوستان کے باشندوں کو اٹھانا پڑا۔گزشتہ سال بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ ہر سال 14 اگست کو تقسیم کی ہولناک یادگار کے طور پر منایا جائے گا تاکہ 1947 میں تقسیم کے دوران ہندوستانیوں کے مصائب اور قربانیوں کو یاد کیا جا سکے۔کانگریس کے رکن جے رام رمیش نے بی جے پی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم کا اس دن کو منانے کا اصل مقصد ہے کہ تکلیف دہ تاریخی واقعات کو اپنی موجودہ سیاسی لڑائیوں کے چارے کے طور پر استعمال کر سکیں۔بی جے پی کی جاری کردہ ویڈیو میں جواہر لعل نہرو کے ساتھ ساتھ مختلف ہندوستانی کمیونسٹوں کو بھی تقسیم کا ذمے دار ٹھہرایا گیا اور دعوی کیا گیا کہ ان کے لیڈروں نے مسلم لیگ کی حمایت کی اور ایک علیحدہ مسلم ملک کے مطالبے کو جائز قرار دیا۔