سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ کامیابی سے پسپا کردیا،2 جوان شہید اور میجر زخمی
راولپنڈی (این این آئی)دہشت گردوں کی بلوچستان میں ہرنائی کے قریب خوست کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پرحملہ کیا گیا،فائرنگ کے تبادلے میں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم دہشت گردوں سے بہادری کیساتھ لڑتے ہوئے شہید، میجر عمر زخمی ہوگئے،
دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا، دہشتگردوں نے خوست کے علاقے سے سکیورٹی پوسٹ پر فائرنگ کی، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ کامیابی سے پسپا کردیا جس پر دہشت گرد قریبی پہاڑی علاقوں میں فرار ہوگئے، فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو روکنے کیلئے ان کے گھیراؤ کی کوشش کی، دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جھڑپ کے دوران پاک فوج کے دو بہادر سپوتوں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم نے شہادت کو گلے لگا لیا جبکہ میجر عمر زخمی ہوگئے۔سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 75ویں یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ ملکر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔