مراد سعید کا سوات کے حالات کنٹرول کرنے کے لیے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم
سوات ( مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن ) پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ اگر 48 گھنٹوں میں سوات کے حالات ٹھیک نہ ہوئے تو عوام کے ساتھ مل کر تحریک چلاؤں گا۔سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی کے لئے ایندھن نہ بنایا جائے۔
ہمیں مزید کسی اور کے لیے استعمال نہ کیا جائے کیونکہ ہم سوات کے لوگ امن اور خوشحالی کے حامی اور جنگ کے خلاف ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہم سوات کے امن کو تباہ نہیں ہونے دیں گے اور عوام کو مرنے بھی نہیں دیں گے، ہمارا فیصلہ دو ٹوک ہے کہ نہ امریکی غلامی کریں گے اور نہ ڈرون حملوں پر خاموش بیٹھیں گے، میں اپنے لوگوں کے اوپر سمجھوتہ نہیں کروں گا اور ان کے درمیان میں ہی رہوں گا۔دوسری جانب سوات میں امن وامان کو برقراررکھنے کے لیے بالائی علاقوں میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستے پہنچ گئے۔پولیس کے مطابق ضلع بھر میں پولیس کی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔پولیس کے مطابق ضلع بھر میں مختلف علاقوں میں پیٹرولنگ کا سلسلہ جاری ہے اور مشتبہ افراد پر نظر رکھی جارہی ہے ۔