پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا
حکومت مخالف متحدہ اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق عشائیہ کے بعد اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی مشاورت کی گئی اور اس ضمن میں حکمت عملی سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات پر اہم فیصلے کیے۔اجلاس کے بعد فضل الرحمان نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جعلی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد عوام کی امنگوں کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئینی دستوری اور جمہوری دائرے میں رہ کر سامنا کرنے کے بجائے فساد کی راہ اپنا چکی ہے اور اراکین اسمبلی کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، حکومت کے پاس ہمت ہے تو 172 افراد کو پورا کر لیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کارکنوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ملک کے کونے کونے سے اسلام آباد روانہ ہو جائیں جبکہ اراکین کو پارلیمنٹ پہنچنے کے لیے مکمل کور مہیا کیا جائے گا۔انہوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ 23 مارچ کو ظہر سے عصر کے درمیانی وقت میں پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کی طرف چل پڑیں گے اور 24 کو اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ لانگ مارچ اسلام آباد میں کتنے دن رہے گا یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔