حکومت کھلےعام کشیدگی کااعلان کررہی ہے،شیری رحمان

پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کھلےعام کشیدگی کااعلان کررہی ہے، کارکنوں کےتصادم کی ذمہ دارحکومت ہوگی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی صدر شیری رحمان نے کہا کہ عدم اعتمادکےدن جلسہ اور ارکان کاگھیراؤغیرآئینی ہے، یہ ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے بھی تیار ہیں ، حکومت کے پاس نمبر پورے ہیں تو عدم اعتماد کو چیلنج کرے ۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب آدمی کے پاس کچھ نہ رہے تو گالم گلوچ پر اتر آتا ہے ، جس مائی کے لعل کی ہمت ہے وہ ہمیں اسمبلی جانے سے روک کر دکھائے ۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سڑکوں کا رخ کرنے والی حکومت ناکام ہو چکی ہوتی ہے ، پی ٹی آئی ضرور دس لاکھ بندے ڈی چوک پر لائے مگر یہ دس لاکھ بندے ہمیں اسمبلی جانے سے نہیں روک سکتے ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں احتساب کا مذاق جاری ہے ، ہمارے کچھ ممبران کو نیب کے نوٹسز آئے ہیں ، نیب کا کوئی کام نہیں کہ تحریک عدم اعتماد میں مداخلت کرے ،آپ کی دھمکیاں آپ کو مہنگی پڑیں گی ، کسی غیر قانونی حکم پر عمل کرنا بھی غیر قانونی ہے ۔