پاکستان

تحریک انصاف نے حکومت پر عمران خان کے خلاف مذہب کے استعمال کا الزام عائد کر دیا

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے حکمراں اتحاد اور خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن)پر پارٹی سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف مذہب کا استعمال اور مذہبی اشتعال انگیزی پھیلانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ایم ایل (ن)عمران خان کو لوگوں میںمتنازع بنانے کے لیے منظم مہم چلا رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماں اسد قیصر اور افتخار درانی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے الزام عائد کیا کہ پی ایم ایل (ن)عمران خان کو لوگوں میںمتنازع بنانے کے لیے منظم مہم چلا رہی ہے۔پی ٹی آئی کے یہ بیانات پی ایم ایل (ن)کے رہنما جاوید لطیف کی پریس کانفرنس کے گھنٹوں بعد سامنے آئے، جس میں عمران خان پرالزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں اسلام کے بنیادی اصولوں پر حملہ کرتے ہوئے احمدی کمیونٹی کو سپورٹ کیا تھا۔جاوید لطیف نے کہا تھا کہ جب عمران خان نیا پاکستان بنا رہے تھے تو کراچی میں قادیانیوں کے یونٹس فعال ہو گئے تھے اور کیا عمران خان نے غیر ملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں نہیں کہا تھا کہ قادیانیوں کو مذہبی آزادی دی جائیگی۔جاوید لطیف کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ صرف سیاسی نظریات نہیں بلکہ مذہبی نظریات کی وجہ سے بھی شامل ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بنائی گئی پالیسیز حضور صلی اللہ والہ وسلم کے ساتھ پیار اور احترام کا ثبوت ہیں۔نور الحق قادری نے کہا کہ حکومت جو جنگ چھیڑ رہی ہے وہ بہت خطرناک ہے اور اس سے تقسیم اور تشدد کی فضا جنم لے گی، یہ لوگ زمین میں نفرت اور افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔اسی طرح سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ جاوید لطیف کے بیان کا مقصد لوگوں کو مذہبی منافرت پھیلانے پر اکسانا ہے،

یہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان مقبولیت کی بلندیوں پر ہیں، پی ٹی آئی وحدت کی علامت ہے، اس میں تمام ثقافتوں اور مذہبی طبقوں کے لوگ شامل ہیں۔اسد قیصر نے کہا کہ آج ہم آپ کو یہ بتانے آئے ہیں کہ جب ہم حکومت میں تھے اور آج بھی آپ نے اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سربلندی کے لیے ہمارا کام دیکھا ہوگا۔سابق وفاقی وزیر افتخار درانی کا کہنا تھا کہ حکومت مذہبی اشتعال انگیزی پھیلا کر نیشنل ایکشن پلان اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت جاوید لطیف کے ذریعے اس جرم میں شریک ہے، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، پی ایم ایل (ن) کی بنیاد آمریت پر استوار ہے، انہوں نے جمہوریت کے ذریعے کوئی جنگ نہیں لڑی۔افتخار درانی نے کہا کہ جب بھی ان کے سیاسی مخالفین طاقت ور ہوتے ہیں یہ ذاتی حملے کرتے ہیں، اسی طرح کا ایک حملہ آج کیا گیا۔انہوں نے یاد دلایا کہ پی ایم ایل (ن)نے ہمیشہ عمران خان پر ذاتی حملے کیے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ہار گئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے جاوید لطیف کی پریس کانفرنس نشر کرنے سے ٹیلی ویژن چینلز کو نہ روکنے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ میں ان تمام چینلز سے درخواست کرتا ہوں جنہوں نے یہ پریس کانفرنس نشر کی ہے، ایک انتہائی خطرناک اور گھنانا کھیل کھیلا جا رہا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن)کے پاس اسے کھیلنے کے لیے بہت سے لوگ ہیں، جاوید لطیف ان میں سے ایک ہیں۔سابق وفاقی وزیر افتخار درانی نے پی ایم ایل (ن)کو بتایا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے میڈیا کو ہینڈل کیا ہے اور خبردار کیا کہ اگر میں نے یہ کام کرنا شروع کیا تو آپ اپنے گھروں سے نہیں نکل سکیں گے لیکن ہمیں یہ نہیں سکھایا گیا، ہمیں آپ سے سیاسی بنیادوں پر لڑنا سکھایا گیا ہے، ہمیں ذاتی حملے کرنا نہیں سکھایا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button