اہم سیاستدانوں کا نجی دوروں پر بیرون ملک جانے کا سلسلہ تیز، چہ میگوئیاں زور پکڑنے لگیں
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرنیوالی شخصیات کا بیرون ملک نجی دوروں پر جانے کا سلسلہ جاری ہے جس کی ابتداء سابق صدر آصف علی زرداری کے 25 جولائی کو عازم دبئی ہونے کی خبروں سے ہوئی تھی۔
خبروں کے مطابق آصف زرداری تاحال دبئی میں مقیم ہیں اور وہاں سے پاکستان میں ہونیوالی سیاسی سرگرمیوں میں اپنا کردار بھی ادا کر رہے ہیں تاہم اسلام آباد میں ایسی اطلاعات بھی موجود ہیں کہ آصف زرداری رواں ہفتے وطن واپس آسکتے ہیں جہاں لاہور میں انکا طویل قیام ہوگا اور جہاں سے وہ موجودہ سیاسی صورتحال میں بھرپور انداز سے اپنا کردار ادا کرینگے، روزنامہ جنگ میں فاروق اقدس کی شائع خبر کے مطابق آصف زرداری کو بیرون ملک روانہ ہوئے لگ بھگ 20 دن ہوچکے ہیں انکے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان جو گزشتہ ہفتے نجی دورے پر ترکی گئے تھے ابھی تک بیرون ملک میں ہی ہیں تاہم 18 اگست کو انکی واپسی متوقع ہے اور اب اپوزیشن کی اتحادی جماعت کے صدر اور رکن اسمبلی شیخ رشید بھی منگل کو نجی دورے پر دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔