اترپردیش، اردو سائن بورڈلگانے کا حکم دینے والا عہدیدار معطل
لکھنو(این این آئی)بھارتی ریاست اتر پردیش میں بی جے پی کی ہندو توا حکومت نے محکمہ صحت کے ایک جوائنٹ ڈائریکٹر کو محض اس بنا پر معطل کر دیا ہے کیونکہ انہوں نے تمام چیف میڈیکل افسروں(سی ایم اوز) کو ریاست میں تمام صحت کے مراکز پر سائن بورڈ اردو میں
لگانے کا حکم جاری کیا تھا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ صحت کے ایک سینئر افسر نے تصدیق کی ہے جوائنٹ ڈائریکٹر صحت تبسم خان کومذکورہ حکمنامہ جاری کرنے پر معطل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تبسم خان نے سرکاری حکمنامہ جاری کرنے کے طریقہ کار پر عمل نہیں کیا اور اپنے سینئر افسروں کو اس بارے میںنہیں بتایا۔ سینئر افسر نے کہا کہ جوائنٹ ڈائریکٹر نے یکم ستمبر کو جاری کردہ اپنے حکم میں کہا کہ محمد ہارون نامی ایک شخص نے شکایت کی تھی کہ اردو اترپردیش کی دوسری سرکاری زبان ہونے کے باوجود بہت سے محکمے اسے چھوڑ رہے ہیں لہذا انہوں نے تمام سی ایم اوز کو مشورہ دیا کہ وہ تمام دواخانوں ، پرائمری اور کمیونٹی ہیلٹھ سینٹروں پر سائن بورڈ اردو میں لگائیں۔ اتر پردیشن میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے تاہم خطہ و کتابت تو بہت دور کی بات کسی بھی محکمہ میں سائن بورڈ پر اردو نظر نہیں آتی۔