حدیقی کیانی کے بیٹے”ناد علی”کا بلقیس ایدھی(مرحومہ) سے کیا رشتہ تھا؟؟
شہرہ آفاق گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے سماجی کارکن بلقیس ایدھی کی وفات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ حدیقہ کیانی نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پیغامات جاری کیے جس میں اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ’نادِ علی‘ دینے والی بلقیس ایدھی جیسا کوئی نہیں ہوگا اور وہ اُن کی ہمیشہ شُکر گزار رہیں گی۔ گلوکارہ نے لکھا کہ ‘بلقیس ایدھی نے دنیا کا بوجھ اپنی پیٹھ پر لیا اور اسے بہتر جگہ بنانے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئیں، اللہ نے انہیں لوگوں کی ضرورتیں پورا کرنے کا وصیلہ بنایا، میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے میرے بیٹے نادِ علی تک پہنچانے کے لیے انہیں ذریعہ بنایا’۔
اداکارہ نے کہا کہ بلقیس ایدھی جیسی عظیم خاتون نے ماں ہونے کے نا طے مجھ پر بھروسہ کیا، میں اس مہربانی پر ہمیشہ مسز ایدھی کی شکر گزار رہوں گی۔ حدیقہ کیانی نے مزید لکھا کہ میں بلقیس ایدھی کے بلند درجات کے لیے دعاگو ہوں۔ خیال رہے کہ پاکستان کے نامور فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی شریک سربراہ بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج چل بسیں، جہاں وہ ایک ماہ سے زیر علاج تھیں۔ واضح رہے کہ حدیقہ کیانی نے 2005 میں آنے والے زلزلے کے متاثرین میں سے ایک بچے کو گود لیا تھا جس کا نام انہوں نے ‘نادِ علی’ رکھا۔