وزیر اعظم عمران خان کو 50 ہزار روپے جرمانہ
وزیر اعظم عمران خان کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔
جرمانہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر دیر کی جانب سے عائد کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی ، اسد عمر، مراد سعید اور پرویز خٹک کو بھی 50، 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انور زیب، ملک سیف اللہ سمیت سات تحصیلوں کے چیئرمین کے امیدواروں پر بھی جرمانہ کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے اپنے فیصلے میں وزیر اعظم سمیت دیگر کو جرمانہ 22 مارچ تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ جرمانہ جمع کرواکے رسید فراہم کی جائے۔ فیصلے میں وزیر اعظم کو وارننگ دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے دوبارہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔