تحریک انصاف کی وکٹیں گرنا شروع بڑی شخصیت کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان
وفاق اور پنجاب کی سطح پر حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئی ہیں اور مریدکے میں پی ٹی آئی کے مستعفی ہونے والے رکن قومی اسمبلی بریگیڈیر(ر) راحت امان اللہ بھٹی کے چھوٹے بھائی سمیت اہم سیاسی شخصیات نے
پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ علاقہ کے قصبہ نماگاؤں ننگل ساہداں میں ایک پر وقار افطار ڈنر کے دوران معروف سیاسی شخصیت رانا رفاقت علی نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے رانا افضال حسین اور سابق چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور
سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اسی تقریب میں سابق ایم این اے کے بھائی میجر
(ر) قربان علی بھٹی نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ننگل ساہداں سے اٹھنے والی سیاسی کامیابی کی لہر پورے حلقہ این اے119 میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ اس تقریب میں سابق اراکین صوبائی اسمبلی حاجی مشتاق احمد گجر، چودھری حسان ریاض، میاں خالد جاوید،سابق وائس چیئرمین بلدیہ مریدکے رانا ماجد نواز، سابق چیئرمین یونین کونسل رانا حسیب عامر، اعجاز بھٹی، سجاد حیدر بھٹی، کونسلرز سید اعجاز الحسن شیرازی، رانا عظمت علی، عطاء اللہ بھٹی، رانا ارشد علی، فیاض احمد بٹر،میاں محمد افضل، رانا مبارز علی، چودھری امیر حسین سمیت علاقہ بھر کی اہم شخصیات شامل تھیں۔ دوسری
تقریب میں پی ٹی آئی سابق ایم این اے کے قریبی ساتھی طاہر الیاس عرف طاہرا پہلوان اور متین راٹھور نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنی رہائشی گاہ پر رانا افضال حسین اور رانا احمد عتیق انور کے اعزاز میں تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی رانا تنویر حسین کے کارکن اور ساتھی تھے اور آئندہ بھی ان کے کارکن کی حیثیت سے ساتھ چلیں گے۔ مستعفی ایم این اے کے ایک اور قریبی ساتھی چاچا محمد حسین، کونسلر نذر حسین نذر نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے انہیں شدید مایوس کیا ہے اور نعروں کے سوا ملک و قوم کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ رانا تنویر حسین اور رانا احمد عتیق انور کی کامیابی کے لیے اپنے تما م توانائیاں صرف کریں گے۔