قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پلئینگ الیون پچ دیکھ کر پلان کریں گےاور میچ سے قبل فیصلہ ہو گا ، سیریز جیتنا ہمارے لیے بہت ضروری ہے، ہمارا مائنڈ سیٹ یہی ہے کہ میچ جیتنا ہے ،ٹیسٹ سیریز جیتنے سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم لاہور ٹیسٹ میں نتیجہ چاہتے ہیں، پوری ٹیم لاہور میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لاہور میں کامیابی حاصل کریں اور اس کے لیے سخت محنت بھی کر رہے ہیں۔
لاہور ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئےپچ کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ پچ زیادہ مختلف نہیں لگ رہی لیکن مجھے لگتا ہے اس پچ سے ٹرن ملے گا، ٹاس جیتنے کے ساتھ ساتھ اچھا پرفارم کرنا بھی ہوتا ہے، یہ ضرور ہے کہ چوتھی اننگز میں باولنگ کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن یہ ٹیسٹ کرکٹ کا حصہ ہے۔گزشتہ میچ میں رن ریٹ کے حوالے سے ہونے والی تنقید کے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ اچھا کریں تب بھی تنقید ہوتی ہے اور اچھا نہ کریں تب بھی ہوتی ہے، ہم تنقید کو منفی نہیں لیتے، ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، رن ریٹ صورت حال کے مطابق ہوتا ہے، رن ریٹ اتنا سلو نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد عالم سے اسی طرح توقع ہے جیسے ہمیشہ ہوتی ہے، انہیں علم ہے کہ کیسے کم بیک کرنا ہے اور وہ اچھا کھیلیں گے۔