ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکےکپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد حسنین کا باولنگ ایکشن بالکل کلیئر ہے۔واضح رہے کہ بگ بیش لیگ میں محمد حسنین کا باولنگ ایکشن رپورٹ ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد حسنین کا باولنگ ایکشن کلیئر ہے، امید ہے وہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی پیش کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سر ووین رچرڈ کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں بڑا اہم کردار رہا ، شاہد آفریدی کا ٹیم سے منسلک ہونا خوش آئند ہے کیونکہ اُن کی آمد سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوگا۔سرفراز احمد نے بتایا کہ جیمز فاکلنر کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے، وہ پی ایس ایل کے لیے آرہے ہیں جبکہ لیوک ووڈ آئسولیشن مکمل ہونے کے بعد پاکستان آئیں گے۔