مری میں تیز برفباری کا سلسلہ مسلسل جاری

ملکہ کوہسار مری میں تیز برفباری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔
ترجمان ٹریفک پولیس راولپنڈی کے مطابق آج صبح 5 بجے سے اب تک مری میں 341 گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں جبکہ 388 گاڑیاں مری سے نکلی ہیں ، اس وقتمری میں مجموعی طور پر سیاحوں کی ایک ہزار 151 گاڑیاں موجود ہیں ۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی وسیم ریاض نے موسمی حالات کے پیش نظر سیاحوں کو ہدایت کی کہ سڑک پر پھسلن کے باعث ٹائروں پر چین چڑھائیں اور گاڑیوں کو ہر طرح سے فٹ رکھیں، ٹائروں میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں ۔
سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کےلیے ٹریفک اہلکار دن رات تین شفٹوں میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، روڈ پر پھسلن کے باعث ٹریفک اہلکار گاڑیوں کو دھکا لگا کر سیاحوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شام5بجے تک سیاحوں کی آٹھ ہزار تک گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت دی جائے گی، تما م داخلی راستوں پر سیاحوں کو آگاہی و حفاظتی ایڈوائزری پمفلٹ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
سی ٹی او وسیم ریاض کے مطابق ہائی وے کی مشینری کے ساتھ ٹریفک اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں تا کہ روڈ سے فوری طور پر برف ہٹائی جا سکے۔