اسلحہ لائسنس بنوانے کے خواہشمندوں کے لیے خوشخبری ، نئی پالیسی پر کام شروع

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزارت داخلہ نے ممنوعہ اور غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنسوں کے اجراءکی نئی پالیسی مرتب کرنا شروع کردی، مجوزہ پالیسی کے تحت ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کےلئے سالانہ پانچ لاکھ روپے ٹیکس جبکہ غیر ممنوعہ بور کے لائسنس کےلئے سالانہ دو لاکھ روپے ٹیکس ادائیگی لازمی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کی منظوری کے بعد سابقہ پالیسی پر عملدرآمد روک دیا جائے گا، اس سے قبل وزارت داخلہ نے ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کے حصول کےلئے سالانہ ٹیکس ادائیگی کم از کم رقم ایک لاکھ روپے جبکہ غیر ممنوعہ بور کے لائسنس کےلئے 50ہزار روپے کی شرط رکھی تھی جس پر ابھی تک عملدرآمد جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت وزارت داخلہ کے پاس ممنوعہ و غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کی ساڑھے چار ہزار سے زائد درخواستیں موجود ہیں جبکہ نئی پالیسی کے نفاذ سے نئی درخواستوں کی تعداد میں کمی ہو جائے گی۔