کورونا کے ویرینٹ اومی کرون کی نئی قسم "سٹیلتھ اومی کرون” 40 ملکوں میں پھیل گئی، یہ کتنی خطرناک ہے؟
برطانیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی ذیلی قسم 40 ملکوں میں پھیل چکی ہے ، یہ اتنی خطرناک ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ میں بھی اس کا پتا نہیں چلتا ہے۔ ماہرین نے اس قسم کو "سٹیلتھ اومی کرون” کا نام دیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کی وجہ سے یورپ میں کورونا بدترین لہر شروع ہوسکتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق اومی کرون کی تین ذیلی اقسام ہیں جنہیں بی اے ون، بی اے ٹو، اور بی اے تھری کے نام دیے گئے ہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں اومی کرون کے جتنے بھی کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں ان میں سب سے زیادہ بی اے ون کیٹگری کے ہیں تاہم بی اے ٹو کیٹگری کے کیسز بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ ڈنمارک میں 20 جنوری تک کورونا کے جتنے بھی ایکٹو کیسز تھے ان میں سے نصف سے زائد بی اے ٹو کیٹگری کے تھے۔
برطانوی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ بی اے ٹو کیٹگری کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ برطانیہ اور ڈنمارک کے علاوہ بی اے ٹو کیٹگری کے کیسز سویڈن، ناروے اور انڈیا میں بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ فرانس اور بھارت کے ماہرین نے اس کیٹگری کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ممکنہ طور پر جلد ہی اس کے کیسز بی اے ون کیٹگری سے بھی زیادہ ہوجائیں گے۔
محققین کے مطابق بی اے ٹو میں 32 خصوصیات بی اے ون کیٹگری والی ہیں لیکن اس کی اپنی علیحدہ 28 میوٹیشنز بھی موجود ہیں جو اس کو زیادہ خطرناک بناتی ہیں۔