وزیراعظم کی عوام سے براہ راست گفتگو ، پیپلز پارٹی نے عمران خان کو دھمکی دے دی

’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ ‘نامی سلسلہ میں وزیراعظم عمران خان کی عوا م سےدو گھنٹے سے زائد براہ راست کی جانے والی گفتگو پر پاکستان پیپلز پارٹی کا سخت ردعمل سامنے آگیا ،شازیہ مری نےعمران خان کو خبردار کرتےہوئےکہاہے کہ ہم انتقام کی سیاست نہیں کرتے مگر ملک کا حشر نشر کرنے والے کو چھوڑیں گے نہیں۔
تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا کہنا تھا کہ نالائق وزیراعظم نے آج ٹی وی چینلز پر فرمائشی پروگرام ہوسٹ کیا ، آپ کے لیئے سلیکٹرز نے مینار پاکستان بھرا ،ہم انتقام کی سیاست نہیں کرتے مگر ملک کا حشر نشر کرنے والے کو چھوڑیں گے نہیں، اکبر ایس بابر کے بعد احمد جواد نے عمران خان کی اصلیت بے نقاب کردی ہے ۔شازیہ مری کا وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تم نے مخالفین کی بہنوں، بیٹیوں کے ساتھ جو سلوک کیا خود کو بھی ایسے سلوک کے لیے تیار رکھو ،27 فروری کو ملک کے عوام تمہیں اقتدار سے بھگانے کے لئے اسلام آباد آ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ ‘نامی سلسلہ میں وزیراعظم عمران خان نے عوام کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر میں حکومت سے باہر نکل گیا تو آپ کے لیے زیادہ خطرناک ہوں گا اور میں سڑکوں پر نکل آیا تو آپ کے لیے چھپنے کی جگہ نہیں ہو گی کیونکہ لوگ آپ کو پہچان چکے ہیں،اصولا تو مجھے پارلیمنٹ میں بات کرنی چاہیے لیکن بد قسمتی سے پارلیمنٹ میں اپوزیشن بات نہیں کرنے دیتی، پارلیمنٹ میں این آر او کے متلاشی لوگ بیٹھے ہیں، اگر آپ ان کے مطالبات پورے نہ کریں تو وہ آپ کو بات نہیں کردیتے،شہبازشریف کو میں اپوزیشن لیڈر نہیں قوم کا مجرم سمجھتا ہوں، اگر میں اپوزیشن لیڈر سے ملتا ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا،شہبازشریف ڈیڑھ گھنٹہ تقریر کرتے ہیں لیکن کرپشن کا جواب نہیں دیتے، شہبازشریف کی تقریر اصل میں نوکری کی درخواست ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سڑکوں پر آیا تو مخالفین کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا، روزانہ کہا جاتا ہے کہ ڈیل ہوگئی، بیروزگار سیاست دان تین سال سے حکومت گرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ہر بیروزگار سیاستدان کہتا ہے میں حکومت گرادوں گا، 11 پارٹیوں کا گلدستہ بھی مینار پاکستان نہیں بھر سکا اور ہم نے مینار پاکستان کو چار بار بھرا،یہ سب اپنی چوری بچانا چاہتے ہیں، عوام ان کے کہنے پر باہر نہیں آئیں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اگلی باری بھی ہماری ہے۔