رحمان ملک کا انتقال، صاحبزادوں نے بیان جاری کردیا
سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے صاحبزادوں کا کہنا ہے کہ ان کے والد ساری عمر اپنی پارٹی کے ساتھ وفادار رہے، جب بھی بینظیر کا ذکر آتا تھا تو وہ آبدیدہ ہوجاتے تھے، ان کی نماز جنازہ کل اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔
رحمان ملک کے بیٹوں عمر رحمان ملک، علی رحمان ملک نے اپنے چچا خالد ملک کے ہمراہ تعزیتی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کے خاندان کے لئے انتہائی مشکل اور درد ناک ہے، ان کے والد ایک شفیق باپ سے بڑھ کر ایک بہترین دوست تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پیار اور محبت رحمان ملک کی رگ رگ میں بستی تھی، وہ جہد مسلسل پر یقین کرنے والے محنتی انسان تھے اور کبھی کسی کام کو مشکل و ناممکن نہیں سمجھا،ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو سے ان کی عقیدت جذباتی حد تک تھی، جب بھی محترمہ کا ذکر آیا بابا کو آبدیدہ پایا، انہوں نے ساری عمر اپنے ملک اور اپنی جماعت کے ساتھ وفاداری نبھائی۔
رحمان ملک کے صاحبزادوں کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ دو ٹوک موقف اختیار کیا، وہ پاکستان کی محبت کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجز سے قوم اور حکومتوں کو مسلسل آگاہی بھی دیتے رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ان تمام پاکستانی و غیرملکی دوست و احباب کے شکرگزار ہیں جو اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے قوم سے ان کے والد کیلئے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ گزشتہ شب انتقال کرگئے تھے، وہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہسپتال میں داخل تھے ۔ ان کی نماز جنازہ کل (جمعرات کو ) اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں ڈھائی بجے سہ پہر ادا کی جائے گی۔