پاکستان

اے آر وائی پر چلنے والی اسد مجید کے حوالے سے خبر کو فیک قرار دے دیا گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ، این این آئی)نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز نے اسد مجید کے ذرائع کے حوالے سے خبر چلائی جس میں اسد مجید کے حوالے سے کہا گیا کہ کیسے کہوں کہ یہ اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں، اسد مجید نے کہا کہ یہ حقیقت ہے خط میں دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی، ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ حکومتی دباؤ کے باوجود امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید ڈٹ گئے،اس نیوز کو منسٹری آف انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ نے ٹوئٹر پر اپنے آفیشل پیج پر فیک نیوز قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس،سابق سفیر اسد مجید کی بریفنگ اور پاکستانی سفارتخانے سے موصول ہونے والے مراسلے کے مندرجات کا جائزہ لینے کے بعد نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کسی قسم کی غیر ملکی سازش نہیں ہوئی۔

جمعہ کو کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا38ویں اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، وزیرمملکت حنا ربانی کھر، چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجیداور اعلیٰ سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔قومی سلامتی کمیٹی نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے سے موصول شدہ ٹیلی گرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر نے اپنے مراسلہ کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی۔نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے مراسلہ کے مندرجات کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کا اعادہ کیا۔نیشنل سکیورٹی کمیٹی کو دوبارہ ملک کی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ انہیں کسی سازش کے شواہد نہیں ملے اس لئے نیشنل سکیورٹی کمیٹی موصول شدہ مراسلے کے مندرجات کا جائزہ لینے اور سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے پیش کر دہ نتائج کی روشنی میں اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہوئی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button