گریڈ 2 کے سینٹری ورکر سے لے کر گریڈ 17 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا تک، پشین بلوچستان کے تاج محمد کی حیران کن کہانی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نادرا طارق ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ملئے نادرا سینٹر پشین، بلوچستان کے سینٹری ورکر گریڈ 2 کے ملازم تاج محمد سے جو دوران ملازمت کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز کے بعد بغیر کسی سفارش کے آن لائن مسابقتی ٹیسٹ و انٹرویو میں نمایاں پوزیشن لے کر ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفیسر گریڈ کے لئے منتخب قرار پائے،انہوں نے لکھا کہ آئیں کھلی آنکھوں سے خواب دیکھیں۔ ساتھ ہی انہوں نے تاج محمد کو ترقی کا لیٹر دیتے ہوئے تصویر بھی شیئر کر دی، تاج محمد کا تعلق
بلوچستان کے پسماندہ علاقے پشین سے ہے، میٹرک پاس تاج محمد 2003 میں نادرا میں بطور سینٹری ورکر بھرتی ہوئے، انہوں نے 19 سال کی محنت کے بعد کامیابی حاصل کی، تاج محمد مسابقتی امتحان پاس کرنے کے بعد نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں گریڈ 17 کے افسر بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہو گئے ہیں۔تاج محمد نے بھرتی ہونے کے بعد محنت نہیں چھوڑی اور پہلے ایف اے پھر گریجویشن کی اور پھر اپنے افسروں کے مشورے پر کوئٹہ یونیورسٹی سے ایم سی ایس کمپیوٹر سائنس کیا۔ اسی دوران تاج محمد کی شادی ہوئی ان کی ایک بیٹی پیدا ہوئی جو بدقسمتی سے تھیلیسمیا کی مریض بن گئی، انہوں نے بچی کے علاج کے ساتھ ساتھ ملازمت اور پڑھائی تینوں چیزیں اکٹھی جاری رکھیں اور آخر کار اللہ پاک نے انہیں کامیابی عطا کی، ان کی کامیابی پر چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ تاج محمد جس سینٹر میں کبھی سینیٹری ورکر تھے، اب وہ وہاں بطور سینٹر انچارج کام کریں گے۔ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر تاج محمد اپنے سینٹر کی ٹیم کی سربراہی کریں گے اور پوری تحصیل میں نادرا کے نمائندے کے طور پر حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔