ارشد شریف کا قتل شیخ رشید کا شہید صحافی کے گھر کے باہر خوفناک انکشاف
اسلام آباد /نیروبی (مانیٹرنگ ڈیسک ٗاین این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ارشد شریف کے سر کی قیمت لگ چکی تھی۔انہیں منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ وہ یہاں ان کے گھر پہنچے ہیں۔ان کی والدہ بیٹا اور بیٹی غمزدہ ہیں۔جب میں راولپنڈی سے اسلام آباد
پہنچا ہوں راستے میں ایجنسیاں میرے پیچھے لگ چکی ہیں۔ارشد شریف کی تدفین شایان شان ہوگی۔وہ ملک کی خاطر قربان ہوا۔یاد رہے کہ معروف صحافی و سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں نے اپنا دوست، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا، پولیس نے بتایا ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں اپیل کی کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کریں اور بریکنگ نیوز کے نام پر برائے مہربانی ہماری فیملی کی تصویریں، ذاتی تفصیلات اور ارشد شریف کی ہسپتال میں لی جانے والی آخری تصاویر شیئر نہ کریں۔دونوں ممالک کے حکام نے تاحال ارشد شریف کی موت اور اسباب کی تصدیق نہیں کی ہے، چند پاکستانی میڈیا ہائوسز نے پہلے اطلاع دی تھی کہ ارشد شریف کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے تاہم بعد میں کہا گیا کہ ان کی موت ایک حادثے میں ہوئی۔دریں اثنا کینیا میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ارشد شریف کی ہلاکت کا واقعہ پولیس کی جانب سے غلط فہمی کے نتیجے میں پیش آیا۔کینیا پولیس کی جانب سے سینئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کو غلط فہمی کی بنیاد پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔